سرکاری زمین پر کچی آبادیاں ریگولرائز کرنے کا حکم ، قبضہ مافیا کیخلاف کاروائی کی جائے : وزیراعظم
لاہور ( خصو صی ر پورٹر+نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار‘ علیم خان، عون چودھری بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے منشاءبم کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعظم نے پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کرامت کھوکھر کو طلب کرلیا۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کو زمینوں پر قبضہ مافیا سے متعلق سخت کارروائی کرنے کی ہدایات کیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پارٹی کا کوئی بھی رہنما ملوث ہے تو اس کیخلاف کارروائی کی جائے۔ رکن قومی اسمبلی کرامت کھوکھر سے فوری وضاحت طلب کی جائے۔ اجلاس میں سو دن کے پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی اور قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن پر بھی بریفنگ دی۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے پولیو کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری دیدی‘ اس منصوبہ کے تحت تعلقات عامہ کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے باعث پاکستان پر لگی پابندیاں تکلیف دہ ہیں۔ پاکستان کو بہت جلد پولیو فری ملک دیکھنا چاہتا ہوں۔ وزیراعظم آج سے ملک بھر میں صفائی مہم کا آغاز کریں گے‘ صفائی مہم کو ”کلین اینڈ گرین“ پاکستان کا نام دیا گیا ہے۔ صفائی مہم کا آغاز ملک کے تمام بڑے شہروں سے ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کو صاف ستھرا اور ہرا بھرا رکھنا ہو گا۔ وزیراعظم نے پنجاب کابینہ کو بلدیاتی نظام کے نفاذ اور ہاﺅسنگ پروگرام پر اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پرانے نظام میں خامیاں دور کرنے کیلئے نیا نظام لائے گی۔ وزیراعظم نے سرکاری زمین پر کچی آبادیوں کو ریگولرائز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری اراضی پر قائم کچی آبادی کو رعایت دی جائے۔ نجی زمینوں پر قائم آبادیوں پر عدالتی احکامات پر عمل کیا جائے۔ پنجاب کابینہ نے کسانوں کیلئے استعمال شدہ ٹریکٹرز امپورٹ کرنے کی سفارش کی۔ وزیراعظم نے تجویز وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلدیاتی نظام کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ پی ٹی آئی پرانا بلدیاتی نظام ختم کر کے نیا بلدیاتی نظام لائے گی۔ نئے بلدیاتی نظام سے ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل ہوگی۔ نئے بلدیاتی نظام سے مقامی لوگوں کے پاس نچلی سطح پر اقتدار منتقل ہو گا۔ بلدیاتی نظام میں مالی بے قاعدگیوں پر مکمل چیک ہو گا۔ ضمنی الیکشن پی ٹی آئی کیلئے بہت اہمیت کے حامل ہیں، بھرپور مہم چلائیں، پنجاب کابینہ نئے بلدیاتی نظام سے متعلق بروقت قانون سازی کرے۔ آپ سب کو عوام کی خدمت کیلئے بہت محنت کرنی ہے۔ نظام میں بہتری کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے۔ قبضہ مافیا کیخلاف ڈٹ کر کھڑے ہوں۔ ملک گیر صفائی اور شجرکاری مہم میں صوبائی حکومت ساتھ دے۔ سرکاری عمارات اور زمینوں کو مفید استعمال میں لائیں۔ تجاوزات کے خلاف مہم میں کسی غریب کو بے جا زحمت نہ دی جائے۔
وزیراعظم