پسماندہ علاقوں میں جاری سکیمیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائیں ، غفلت برداشت نہیں کرونگا : عثمان بزدار
لاہور (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے پسماندہ علاقوں میں جاری سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا، فلاح عامہ کے منصوبوں میں کوتاہی یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقو ں کی ترقی کیلئے پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ رواں مالی برس کے بجٹ میں ان علاقوں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے منصوبوں پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے گا۔ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور پینے کے صاف پانی کے منصوبوں پر پسماندہ علاقے کے لوگوں کا زیادہ حق ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے پروگرامز میں غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیں گے۔ عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پیشگی اقدامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کر کے قدرتی آفات اورناگہانی حادثات کے نقصانات کوکم کیا جا سکتا ہے اورقدرتی آفات سے کم سے کم نقصانات کیلئے جدید سہولیات کو بروئے کارلانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیر اعلیٰ نے قدرتی آفات سے آگاہی اور بچائو کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حادثات سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کو جدید تربیت سے لیس کرنا ہوگا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے بہاولپور میں24نیوز اور روہی ٹی وی چینل کے دفتر پر حملے اور بیوروچیف پر تشدد کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔