ہاکی کی بہتری کیلئے عمران خان سے ملاقات کروں گا:ظفراللہ جمالی
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) سابق وزیراعظم پاکستان اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر میر ظفر اللہ خان جمالی کا کہنا ہے کہ قومی کھیل کی موجودہ حالت اور اسمیں بہتری کے لیے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرونگا ہاکی میں بہتری کے لیے اپنے تجربے کی روشنی میں انہیں تجاویز دونگا۔وہ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سپورٹس مین ہیں وہ کھیلوں کے معاملات کو بہتر انداز میں حل کر سکتے ہیں ہاکی میری محبت ہے، پاکستان میری محبت اور جنون ہے بین الاقوامی سطح پر اگر ہاکی کے نتائج اچھے نہیں آتے تو دکھ ہوتا ہے۔ میرا کسی سابق اولمپئین سے کوئی رابطہ نہیں نہ کسی تحریک کا حصہ ہوں میرا اپنا نقطہ نظر ہے آزاد انسان ہوں۔ میری تحریک قومی کھیل کی بہتری ہے اس تحریک کے لیے کسی کی ضرورت نہیں نہ میرا کوئی ذاتی مفاد ہے۔ اس وقت بھی سیاسی فیصلے ہوئے اسکا خمیازہ ہم بھگت رہے ہیں۔ موجودہ صدر کی تقرری سیاسی تعلقات کی بنیاد پر ہوئی تھی۔ شہباز احمد سینئر ایک بڑے کھلاڑی ضرور تھے لیکن وہ ایک کامیاب ایڈمنسٹریٹر ثابت نہیں ہو سکے۔ اس کھیل میں لوگ پیسہ بنانے آئے مال بنایا اور چلے گئے کسی نے حقیقی معنوں میں قومی کھیل کو مضبوط بنانے کے لیے کام نہیں کیا۔ ہاکی میں ہم نے انیس سو چوراسی میں آخری مرتبہ ہم نے اولمپکس گولڈ میڈل جیتا تھا چونتیس برس گذر گئے ہم اولمپکس میں گولڈ میڈل کیوں حاصل نہیں کر سکے۔ مسائل ختم کرنے اور قومی کھیل میں بہتری کے لیے ہمیں سیاسی مصلحتوں سے آزاد ہو کر فیصلے کرنا ہونگے۔