دبئی ٹیسٹ: حفیظ کی شاندار سنچری‘ پاکستان کے3 وکٹوں پر255 رنز
دبئی(سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پہلے دن کا کھیل ختم ہوگیا، پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنالیے۔2 سال بعد ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننے والے محمد حفیظ کی شاندار سنچری اور امام الحق کے ساتھ 205 رنز کی اوپننگ شراکت نے پاکستانی اننگز کو ایک مستند بنیاد فراہم کی۔امام الحق کی بلے بازی بھی قابل تعریف رہی، انہوں نے اپنے پارٹنر محمد حفیظ کی نسبت زیادہ نپے تلے انداز سے بلے بازی کی۔اوپنر امام الحق 76 رنز بناکر آسٹریلوی باؤلر لیون کا نشانہ بنے، 222 کے مجموعی اسکور پر اوپنر محمد حفیظ 126 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آسٹریلوی باؤلر سڈل کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے ساز گار ہے، اس لیے یہاں ابتدا میں سنبھل کر کھیلنا ہوگا۔قومی ٹیم میں بلال آصف اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سرفرازاحمد (کپتان)، امام الحق، محمدحفیظ، اظہرعلی، حارث سہیل، اسدشفیق، بابراعظم، یاسرشاہ، محمدعباس اور وہاب ریاض شامل ہیں۔آسٹریلین ٹیم میں 3 کھلاڑی ڈیبیو کر رہے ہیں جن میں مختصر دورانیے کی کرکٹ کے تجربہ کار بیٹسمین ایرون فنچ، ٹریوس ہیڈ اور مارنس لیوسکاگنی شامل ہیں۔آسٹریلین ٹیم کی کپتانی ٹم پین کر رہے ہیں ۔