• news

1300 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والے ایٹمی میزائل غوری کے ٹریننگ لانچ کا تجربہ کامیاب

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق غوری میزائل سسٹم کے ٹریننگ لانچ کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے کا مقصد آرمی سٹرٹیجک فورسز کمانڈ کی آپریشنل اور ٹیکنکل تیاری تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق غوری بیلسٹک میزائل 1300 کلومیٹر فاصلے تک روایتی اور جوہری وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے میزائل سسٹم کے کامیاب تجربے پر افواج پاکستان اور انجینئرز کو مبارکباد دی گئی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور افواج پاکستان کے سربرہان نے بھی میزائل سسٹم کے کامیاب تجربے پر سٹرٹیجک فورسز، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق میزائل تجربہ آرمی سٹرٹیجک فورسز کمانڈ نے کیا، جس کا مقصد آرمی سٹرٹیجک فورسز کمانڈ کی آپریشنل اور تکنیکی تیاریوں کو جانچنا تھا۔کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل میاں محمد بلال حسین نے میزائل تجربہ کا مشاہدہ کیا، اس موقع پر چیئرمین نیسکام ڈاکٹر نبیل حیات ملک اور چیئرمین کے آر ایل طاہر اکرام بھی موجود تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کم سے کم جوہری دفاعی صلاحیت رکھنے کا مقصد خطہ میں امن و استحکام کو برقرار رکھنا ہے، میزائل تجربہ سے پاکستان کی کم سے کم دفاعی صلاحیت مضبوط ہو گئی ہے۔
غوری میزائل

ای پیپر-دی نیشن