سٹاک مارکیٹ کریش‘ سرمایہ کاروں کے 2 کھرب 39 ارب ڈوب گئے‘ ڈالر 1.26 روپے مہنگا
لاہور + کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) شدید مندی کے باعث کریش کر گئی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس1328.06پوائنٹس کی کمی سے37898.29 پوائنٹس پر بند ہوا، سرمایہ کاروں نے 2 کھرب 38 ارب97 کروڑ 59 لاکھ8 ہزار 633 روپے کا سرمایہ مارکیٹ سے نکال لیا تاہم تجارتی حجم میں89کروڑ 33 لاکھ 15 ہزار 12 روپے کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ خرید و فروخت میں3 کروڑ 19 لاکھ 10 ہزار1100 حصص کا ہوا۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتہ کے پہلے روز پیر کو سٹاک مارکیٹ میں گیس اور ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث شدید مندی کا رجحان رہا اورکے ایس ای 100 انڈیکس1328.06 پوائنٹس کی کمی سے 37000پوائنٹس کی بالائی حد سے گرتے ہوئے 37898.29پوائنٹس پربندہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس میں672.99 پوائنٹس کی مندی سے 18404.88 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 385 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 30کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 341 کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں مندی اور 14 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ مجموعی طور پر18 کروڑ 60 لاکھ 5 ہزار 70 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 6 ارب 30 کروڑ 19 لاکھ 8 ہزار 650 روپے رہا۔مارکیٹ کیپیٹل 80 کھرب 66 ارب 61 کروڑ 45 لاکھ 348 روپے سے گھٹ کر 78 کھرب 27 ارب 63 کروڑ 85 لاکھ 91 ہزار 715 روپے ہو گیا۔ فیوچر ٹریڈنگ میں 118 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی،45 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی اور 2کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ 5 کروڑ 73 لاکھ 70 ہزار حصص کا کاروبار ہوا۔ علاوہ ازیں اوپن مارکیٹ میں ہفتے کے پہلے روز ٹریڈنگ کے دوران روپے کی قدر میں دو روپے 30 پیسے تک کمی دیکھی گئی اور ڈالر 129 روپے 30 پیسے کا بھی فروخت ہوا تاہم ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق کلوزنگ پر ڈالر کی قیمت ایک روپے 20 پیسے کے اضافے سے 128 روپے 50 پیسے رہی۔ اوپن مارکیٹ میں گزشتہ چند روز کے دوران مسلسل اضافے سے ڈالر کی قیمت انٹربنک مارکیٹ سے 4 روپے 24 پیسے زیادہ ہو چکی ہے۔ انٹر بنک مارکیٹ میں کلوزنگ پر ڈالر کی قیمت ایک پیسے کے اضافے سے 124 روپے 26 پیسے رہی۔
سٹاک ایکسچینج