آئی جی پنجاب کو محمودالرشید معاملہ پر ہٹایا گیا مریم اورنگزیب: تبدیلی انتظامی معاملہ بلاوجہ سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے: وزیر ہائوسنگ
اسلام آباد + لاہور (جنرل رپورٹر + خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی پولیس پنجاب کو ضمنی انتخابات میں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے اور محمودالرشید کے معاملے پر ہٹایا۔ حکومت نے آئی جی کو تقرری کے چند دن بعد ہی تبدیل کردیا۔ آئی جی پنجاب تبدیل کرکے پی ٹی آئی حکومت سیاسی انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہیں۔ امید ہے چیف جسٹس اور الیکشن کمشن معاملے کا نوٹس لیں گے۔ ہمیں معلوم ہے پاکپتن کیس میں عمران خان کی کیا مجبوری ہے اور یہ تبادلہ کیوں کیا گیا آئی جی پنجاب نے اس معاملے میں وہ نہیں کیا جو ان سے کہا گیا تھا۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمودالرشید نے مریم اورنگزیب کے آئی جی پنجاب کی تبدیلی کو انکے بیٹے کے معاملے سے جوڑنے کے بیان کے جواب میں کہا ہے آئی جی پنجاب کی تبدیلی خالصتاً انتظامی معاملہ اور پی ٹی آئی کے پولیس ریفارمز پروگرام کا حصہ ہے۔ آئی جی پنجاب کی تبدیلی کو بلاوجہ سیاسی رنگ دینے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔