نیب نے امریکہ میں سفیر علی جہانگیر کو 19 اکتوبر کو طلب کرلیا
لاہور (سٹاف رپورٹر) نیب لاہور نے امریکہ میں پاکستان کے سفیر علی جہانگیر کو 19اکتوبر کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔ علی جہانگیر کے خلاف کرپشن کے 2کیسز سمیت مجموعی طور پر 9کیسوں کی تحقیقات چل رہی ہیں جس میں آمدن سے زائد اثاثے بنانے سمیت دیگر کیس بھی شامل ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علی جہانگیر پر مجموعی طور پر 10ارب 50کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہے جبکہ امریکہ میں بطور سفیر تعیناتی کے حوالے سے بھی علی جہانگیر کی جانب سے مبینہ طور پر رشوت دینے کی تحقیقات جاری ہے۔ علی جہانگیر کو نیب نے پہلے بھی طلب کیا تھا اور نیب کی جانب سے مختلف سوالات پوچھے گئے تھے۔ نیب کی جانب سے ان جوابات کا مکمل جائزہ لیا گیا ہے، نیب کی جانب علی جہانگیر کے تمام جوابات کو غیر تسلی بخش قرار دیا گیا ہے اور انہیں 19اکتوبر کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔