• news

سانحہ ماڈل ٹائون کیس: سابق آئی جی پنجاب پر فرد جرم عائد‘ مشتاق سکھیرا کا الزامات ماننے سے انکار

لاہور(آن لائن‘ آئی این پی )لاہور کی انسداددہشت گردی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹائون استغاثہ کیس میں سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا پرفرد جرم عائد کر دی جبکہ مشتاق سکھیرانے صحت جرم سے انکار کر دیا۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹائون استغاثہ کیس کی سماعت ہوئی جس میں سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا عدالت میں پیش ہوئے۔مشتاق سکھیرا نے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی ایک ہفتہ کے لیے ملتوی کرنے کی استدعا کر دی جس پر عدالت نے مشتاق سکھیرا کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فرد جرم پر دستخط کرنے کا حکم دے دیا۔سابق آئی جی پنجاب نے فرد جرم پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا جس پر عدالت نے برہم ہو کر کہا کہ آپ فرد جرم پڑھ کر سائن کریں ورنہ عدالت اپنا حکم جاری کرے گی۔عدالتی حکم کے بعد مشتاق سکھیرا نے دستخط کر دیئے۔دوران سماعت موبائل کی بیل بجنے پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئیموبائل قبضہ میں لینے کا حکم دے دیا۔ عوامی تحریک کے وکیل نے کہا کہ مشتاق سکھیرا کے موبائل کی بیل بجی۔موبائل کے معاملے پر مشتاق سکھیرا اور عوامی تحریک کے وکلا میں تلخ کلامی ہو گئی ،عدالت نے کیس کی سماعت آج تک ملتوی کرتے ہوئے گواہان کو شہادتوں کے لیے طلب کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن