• news

بجلی چوری کے خلاف ٹاسک فورس بنے گی‘ بڑے مگر مچھوں پر پہلے ہاتھ ڈالیں گے: عثمان بزدار

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزیر پانی و بجلی عمر ایوب خان نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم کے بجلی چوری روکنے کی مہم کے حوالے سے صوبہ پنجاب کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور چوری روکنے کے لئے وزیراعلیٰ ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیاگیا۔ پہلے مرحلے میں انڈسٹریل، کمرشل اور زیادہ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ صوبائی سطح پر ٹاسک فورس کی سربراہی سیکرٹری سطح کے افسر کریںگے جبکہ ڈویژن اور ضلع کی سطح پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ ڈویژنل کمیٹی کی سربراہی کمشنر جبکہ ڈسٹرکٹ کمیٹی کی سربراہی ڈپٹی کمشنر کریں گے۔ کمیٹیوں میں ڈویژنل اور ضلعی سطح کے پولیس افسر بھی شامل ہوںگے۔ ٹاسک فورس کو وفاقی حکومت اور متعلقہ وفاقی اداروں کی پوری معاونت حاصل ہوگی۔ عثمان بزدار نے کہاکہ بجلی چوری روکنے کے لئے بلاامتیاز آپریشن ہوگا اور بجلی چوری کے خلاف مہم کے دوران بڑے مگر مچھوں پر پہلے ہاتھ ڈالا جائے گا۔ بجلی چوری میں معاونت کرنے والے سرکاری عملے کے خلاف بھی کارروائی ہوگی اور مہم کے دوران سیاسی وابستگی یا دبائو کوخاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ عمران خان کی جانب سے بجلی چوری روکنے کے لئے مہم چلانا خوش آئند ہے اورپنجاب حکومت اس قومی مہم میں بھرپور حصہ ڈالے گی۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار کی ہدایات پر قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کی نگرانی کیلئے ہر ضلع میں انسداد تجاوزات کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ کمیٹیوں کا سربراہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ متعلقہ ضلع کا ڈی پی او/ سی پی او، لوکل گورنمنٹ کا ضلعی افسر اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے سینئر افسر کمیٹیوں کے ممبرز ہوں گے۔ضلع کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سول سوسائٹی کے ممبران اور معززین علاقہ بھی کمیٹیوں میں شامل ہوں گے۔انسداد تجاوزات کمیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کی منصوبہ بندی اور نگرانی کی ذمہ دار ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ با اثر اور طاقتور مافیا سے سرکاری اراضی پر قبضہ ہر صورت چھڑایا جائے گا اورسرکاری اراضی پر غیر قانونی طور پر قابضین کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے وزیر جنگلات میر ضیاء اللہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دماغ جسم کا اہم ترنی جزو ہے جس کا متوازن رہنا صحت مند زندگی کیلئے ضروری ہے۔عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ترقیاتی منصوبوں، نئی سکیموں اور عوامی فلاح کے پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سابق حکومت نے معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا، سابق حکمرانوں کی نااہلی کے باعث قوم کا بچہ بچہ مقروض ہے اور غلط پالیسیوں سے ملک کنگال ہوا۔ وزیراعظم عمران خان ہی ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالیں گے، ملک کی بہتری کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔ میں بھی ہر وقت عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہوں اورعوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ نئے پاکستان میں کوئی بھی اپنے بنیادی حقوق سے محروم نہیں رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن