• news

پاکستان، چین کے درمیان سی فوڈ، سٹیل، زراعت کے شعبوں میں 20کروڑ ڈالر کے 11معاہدے

اسلام آباد (این این آئی+ صباح نیوز) پاکستان اور چین کے درمیان 20کروڑ ڈالر کے 11 معاہدوں پر دستخط کردیئے گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق یہ دستخط چینی خریدار کمپنیوں کے وفد کے دورہ پاکستان کے موقع پر کئے گئے۔ چینی سفارتخانے کے کمرشل اتاشی کے مطابق سی فوڈ، سٹیل اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ چینی حکومت پاکستان اور چین کے درمیان غیر متوازن تجارتی حجم سے آگاہ ہے اور اسے ختم کرنا چاہتی ہے ۔ صباح نیوز کے مطابق چینی سرکاری اخبار گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان چین سے اعلیٰ کارکردگی کے حامل 48 مسلح ڈرونز خریدے گا۔ ماہرین کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ڈرونز کی خریداری کا یہ اب تک سب سے بڑا سودا ہے تاہم اس کی لاگت ظاہر نہیں کی گئی۔چینی کمپنی شینگ ڈو ائرکرافٹ انڈسٹریل کمپنی کے تیار کردہ ونگ لونگ 2 ڈرون کو جاسوسی اور میزائل حملوں دونوں کاموں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ ڈرون 480 کلوگرام بارود کے ساتھ 20 گھنٹے تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ نئے ڈرونز کے ذریعے پاکستانی فضائیہ کی صلاحیتوں میں بھرپور اضافہ ہوگا۔رپورٹ کے مطابق مستقبل میں پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ اور شینگ ڈو ائرکرافٹ انڈسٹریل کمپنی مشترکہ طور پر ان ڈرونز کی تیاری کا کام شروع کریں گی۔ پاک چین ڈیل کی خبر ایسے وقت سامنے آئی جب بھارت نے روس سے جدید ایس 400 دفاعی میزائل نظام خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن