• news

زلمے خلیل زاد کی ملاقات‘ افغان تنازعہ کے حل کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے: شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے امریکی کاوشوں کا خیرمقدم کرتا ہے، افغان تنازعہ کے سیاسی حل کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ منگل کو امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی دفتر خارجہ آمد ہوئی جہاں انہوں نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور وزیر خارجہ کو اپنے دورہ کابل سے آگاہ کیا۔ امریکی نمائندہ خصوصی اور وزیر خارجہ شاہ محمود کے درمیان مستقبل میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے امریکی کاوشوں کا خیر مقدم کرتا ہے اور افغان تنازعہ کے سیاسی حل کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ اس سے قبل امریکی نمائندہ خصوصی نے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے بھی ملاقات کی۔ مزید برآں کابل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے زلمے خلیل زاد نے افغانستان کی حکومت اور طالبان کو مذاکرات کے لیے ٹیم تشکیل دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ مشکل ہے لیکن امن بھی آسان نہیں، طالبان اور افغان حکومت امن مذاکرات کے لیے ایک بااختیار ٹیم بنائیں۔ انہوں نے اپنے شیڈول اور ایجنڈے کی تفصیل بیان نہیں کی۔ انہوں نے کہا وہ امریکی حکومت کی جامع ٹیم کی سربراہی کر رہے ہیں۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ان کی ٹیم میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ، پینٹاگون، وہائٹ ہائوس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے ارکان شامل ہیں۔ دس روزہ دورے میں زلمے خلیل زاد دوہا، متحدہ عرب امارات اور ریاض بھی جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن