بلال آصف پہلے ٹیسٹ میں 5 وکٹیں لینے والے گیارہویں پاکستانی بائولر
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 33سال کے بلال آصف نے دبئی ٹیسٹ کے تیسرے دن آسڑیلیاکے خلاف 21.3اوورز میں 36رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں اور اپنے پہلے ٹیسٹ میں وہ پانچ وکٹ کی کارکردگی پیش کرنے والے پاکستان کے گیارہویں بائولر ہیں۔ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے پہلے ٹیسٹ میں پانچ وکٹ کی کارکردگی پیش کرنے والے بائولر دائیں ہاتھ سے تیز گیند کرنے والے عارف بٹ تھے،جنھوں نے میلبورن میں آسڑیلیا کے خلاف دسمبر 1964ء میں 6 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔محمد نذیر جونیئر دوسرے بائولر بنے۔ کراچی میں اکتوبر 1969ء کو نیوزی لینڈ کیخلاف سپنر نے 7 وکٹیں لیں۔ ٹیسٹ ڈیبیو پر بہترین بائولنگ نومبر 1996ء میں تیز بائولر محمد زاہد نے 7 وکٹیں حاصل کیں۔اپنے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے شاہد نذیر،محمد سمیع،شبیر احمد،وہاب ریاض،یاسر عرفات،اور تنویر احمد بھی پانچ وکٹیں لے چکے ہیں۔،شاہد خان آفریدی نے اکتوبر 1998ء میں کراچی میں آسڑیلیا کیخلاف پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ بلال آصف کی عمر 33 سال اور 13 دن ہے او ر انہوں نے پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں اس لیے وہ 33 سال کی عمر میں ڈیبیو میچ کے دوران پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے واحد زائد عمر پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں جبکہ وہ ٹیسٹ ڈیبو میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے مجموعی طور پر گیارویں کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے تقریبا پانچ سے چھ سال قبل پہلے کرکٹ کھیلنا چھوڑ دی تھی لیکن ان کے استاد شعیب ملک نے انہیں محنت کرنے اور کوشش کرنے کا مشورہ دیا۔