اسحاق ڈار نے کیس سے قبل اسلام آباد کی 6 ایکڑ اراضی فروخت کر دی: نیب
اسلام آباد (نامہ نگار) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اثاثوں کی نیلامی کے لئے نیب نے پیشرفت رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرا دی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ اسلام آباد میں 6ایکڑ اراضی کیس شروع ہونے سے پہلے ہی فروخت کر دی، اسحاق ڈار کے بینکوں کی رقوم پنجاب حکومت کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ بدھ کواسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر1کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ کیخلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی۔ دوران سماعت نیب کے تفتیشی افسر نادر عباس نے اسحاق ڈار کے اثاثوں کی نیلامی سے متعلق پیش رفت رپورٹ جمع کرا دی۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ اسلام آباد میں 6ایکڑ اراضی کیس شروع ہونے سے پہلے ہی فروخت کر دی تاہم سابق وزیر خزانہ، ان کی بیوی اور بیٹے کے 3پلاٹوں کی قرقی سے متعلق تعمیلی رپورٹ بھی جمع کرا دی گئی۔ نیب نے اسحاق ڈار اور ان کمپنیوں کے اکاﺅنٹس میں 5کروڑ 83لاکھ روپے کی تفصیلات پنجاب حکومت کے حوالے کر دیں۔ نیب حکام کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کی گاڑیاں تحویل میں لینے کیلئے رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا لیکن گاڑیاں موجود نہیں تھیں جبکہ اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کے شئیرز کی قرقی سے متعلق ایس ای سی پی کی رپورٹ کا انتظار ہے۔
رپورٹ جمع