یکم جولائی تا 28ستمبر: حکومت نے مجموعی طور پر 17کھرب سے زائد قرضہ لیا
لاہور(کامرس رپورٹر) موجودہ حکومت نے اندرونی قرضوں کی واپسی اور دوسرے اخراجات کے لیے رواں مالی سال میں یکم جولائی سے 28ستمبر تک مجموعی طور پر ساڑھے 17 کھرب روپے سے زائد قرض لیا۔ سٹیٹ بنک کے مطابق ستمبر کے آخری ہفتے کے دوران حکومت نے سٹیٹ بنک سے 441 ارب 36 کروڑروپے کا نیا قرض لیا۔ اس میں سے 229 ارب 41 کروڑ روپے تو کمرشل بنکوں کو ان کا قرض واپس کرنے میں خرچ ہو گئے جبکہ 211 ارب 95 کروڑ روپے سے دوسرے اخراجات پورے کیے گئے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر گزشتہ حکومت پر اس بنا پر بھی سخت تنقید کرتے رہے کہ اس نے مالی سال 2017-18کے دوران اخراجات کے لیے سٹیٹ بینک سے 12 کھرب روپے قرض لیا تاہم سٹیٹ بنک کے اعدادو شمار کے مطابق پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے اقتدار کے پہلے 6 ہفتوں کے دوران ہی اخراجات پورے کرنے کے لیے سٹیٹ بنک سے مجموعی طور پر 17 کھرب 77 ارب 28 کروڑ 20 لاکھ روپے قرض لے لیا جو گزشتہ حکومت کے بارہ ماہ کے قرضوں سے بھی 43 فیصد زیادہ ہے۔
قرضہ