• news

خواجہ سعد‘ سلمان رفیق کی حفاظتی ضمانت کیلئے درخواستیں مسترد

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیراگون سٹی اور ریلوے کرپشن کیسز میں سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی حفاظتی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ حفاظتی ضمانت کیلئے فورم لاہور ہائی کورٹ ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے کامران مرتضیٰ نے عدالت سے استدعا کی نیب کی طرف سے طلبی کا نوٹس ملا ہے اور گرفتاری کا خدشہ ہے لہٰذا پندرہ روز کے لئے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا آپ نے کہاں سے کہاں جانا ہے، آپ لاہور ہائی کورٹ کیوں نہیں گئے، کیا لاہور پہنچنا مشکل ہے جگہ جگہ نیب نے ناکے لگائے ہوئے ہیں؟ درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا 14 اکتوبر کو الیکشن ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا عدالت کو الیکشن سے کوئی دلچسپی نہیں، ہم آپ کو چار گھنٹے دے سکتے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ کا بنچ یہاں سے 45 منٹ کی مسافت پر ہے۔ کیا آپ نے سائیکل پر جانا ہے جو اتنے دن کی ضمانت مانگ رہے ہیں؟ درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا بڑی مشکل سے یہاں تک پہنچے ہیں، وہاں گئے تو گرفتار کرلیں گے۔ دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا اور کچھ دیر بعد درخواست خارج کر دی۔ سعد رفیق اور سلمان رفیق فیصلہ سننے سے پہلے ہی عدالت سے روانہ ہو گئے۔
درخواستیں/مسترد

ای پیپر-دی نیشن