پاکستان نے جیتی بازی گنوا دی‘ آسٹریلیا دبئی ٹیسٹ ڈرا کرنے میں کامیاب
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا کر دیا۔پاکستان نے جیت کیلیے 462 رنز کا ہدف دیا تھا۔چوتھے روز کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا کے 136 رنز پر 3 کھلاڑی آوٹ ہوگئے تھے آخری روز کا کھیل شروع ہوا تو پہلے سیشن میں کوئی وکٹ نہ گری۔ٹریوس ہیڈ 219 کے مجموعے پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، انہوں نے 72 رنز بنائے۔252 کے مجموعے پر مارنس لبوشین 13 رنز بناکر یاسر شاہ کی وکٹ بنے۔ عثمان خواجہ نے ساتویں سنچری سکور کی۔یاسر شاہ نے 141رنز کی اننگز کھیلنے والے عثمان خواجہ کو آؤٹ کر کے اہم شراکت کا خاتمہ کیا اور پھر اگلے اوور میں پیٹر سڈل اور مچل سٹارک کی وکٹیں حاصل کر کے میچ کا نتیجہ آنے کی امیدیں پھر سے زندہ کردیں۔کپتان ٹیم پین اور نیتھن لیون نے آخری 12اوورز تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور آسٹریلیا نے پاکستان کو یقینی فتح سے محروم کرتے ہوئے پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا کردیا۔آسٹریلیا نے چوتھی اننگز میں 140اوورز تک بیٹنگ کی اور پاکستان کی میچ میں جیت کے ارمانوں کو خاک میں ملا دیا۔ پانچویں دن کے خاتمے پر آسٹریلیا نے 8وکٹوں پر 362رنز بنائے۔ ٹیم پین 61رنز پر ناقاب شکست رہے۔عثمان خواجہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 202رنز پر ڈھیر ہوئی ۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں482جبکہ دوسری اننگز 181رنز چھ کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کی تھی ۔ دوسرا ٹیسٹ میچ 16اکتوبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائیگا۔