• news

عالمی تجارت کیلئے امن ناگزیر باہمی تعاون سے مشترکہ اہداف کا حصول ممکن ہے : شاہ محمود

دوشنبے (سٹاف رپورٹر+آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایس سی او رکن ممالک کے درمیان مربوط رابطے اور ترقی کے لئے پرعزم ہے‘ باہمی اعتماد اور مربوط تعاون سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے‘ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ جمعہ کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایس سی او اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لئے اعزاز ہے۔ وزیراعظم مصروفیت کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہ کرسکے۔ ایس سی او رکن ممالک کے درمیان مربوط رابطے اور ترقی کے لئے پرعزم ہے۔ باہمی تعاون سے ہی مشترکہ اہداف کا حصول ممکن ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی اعتماد اور مربوط تعاون سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے۔ عالمی تجارت کے لئے امن کا قیام ناگزیر ہے۔ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ پاکستان رکن ملک کی حیثیت سے بھرپور کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ رکن ملکوں کے درمیان تجارت‘ توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے تجربے سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ دہشتگردی اور علاقائی تنازعات اہم چیلنج ہیں جن سے نمٹنا ضروری ہے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تاجک ہم منصب سراج الدین مہیردین سے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور بین الاقوامی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی موجود تھیں۔
شاہ محمود

ای پیپر-دی نیشن