• news

فاٹا میں امن بحال ہونے سے کھیل کے میدان آباد ہو رہے ہیں: کبیر آفریدی

لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) فاٹا ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن کبیر احمد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ فاٹا میں امن کی بحالی کا کریڈٹ افواج پاکستان کو جاتا ہے۔ ہمارے علاقے میں معمول کی زندگی بحال ہو چکی ہے۔ بیرونی دنیا میں فاٹا کے حوالے سے بدامنی کا جو تاثر پایا جاتا تھا وہ اب ختم ہو رہا ہے۔ امن کی بحالی میں پاکستان کی افواج کا کردار قابل تحسین ہے۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔امن بحال ہونے سے کھیل کے میدان آباد ہو رہے ہیں فاٹا کے کرکٹرز بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بناتے ہوئے ہمارے علاقے اور ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ عثمان شنواری، شاہین شاہ آفریدی اور ثمین گل نے پاکستان سپر لیگ میں اپنی شناخت بنائی ہے۔ ہمارے نوجوان کھیل سے محبت کرتے ہیں۔ قائداعظم ٹرافی کے لیے ٹیم منتخب کر کے کوچنگ سٹاف کے سپرد کرتے ہیں اس کے بعد حتمی ٹیم کا فیصلہ وہی کرتے ہیں۔ ریجن کے سینئر نائب صدر محمد ابراہیم کا کہنا تھا کہ دوہزار آٹھ سے میرا شمار آئی ڈی پیز میں ہوتا ہے ہم نے اپنا گھر بنانے کے بجائے کھیل کے میدان بنانے کو ترجیح دی اور اس میں کامیاب بھی رہے۔ علاقے میں امن کی بحالی افواج پاکستان کی کوششوں سے ممکن ہوئی ہے اب کھیل کے میدان آباد ہو رہے ہیں۔ فاٹا کے پیاڑوں میں ہیرے چھپے ہوئے ہیں انہیں تراشنے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن