عدالتی نظام شفاف بنانے سے متعلق چیف جسٹس کے ریمارکس خوش آئند ہیں: امیرالعظیم
لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ چیف جسٹس کے عدالتی نظام کو شفاف بنانے کے حوالے سے ریمارکس خوش آئند ہیں۔عدلیہ سمیت دیگر اداروں میں خرابیاں موجود ہیں جن کو دور کرکے عدالتی نظام کو فعال اور بہتر بنایاجاسکتاہے۔موجودہ عدالتی نظام میں پیچیدگیوں کی وجہ سے پورے ملک میں لاکھوں مقدمات التواء کا شکار ہیں۔عدالت عظمیٰ، صوبائی ہائیکورٹس اور دیگر عدالتوں میں لوگوں کو جلد انصاف نہیں مل پاتا جس کی وجہ سے عوام میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔ ان حالات میں چیف جسٹس سپریم کورٹ میاں ثاقب نثار کاعدالتی نظام کی اصلاح کے حوالے سے بیان حوصلہ افزا ہے۔