• news

عثمان بزدار مضبوط وزیراعلیٰ ڈیلیور کرینگے، نئی نسل آنے سے تبدیلی آئیگی: پرویز الٰہی

لاہور/گجرات(خصوصی رپورٹر + نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے این اے 69 گجرات میں مونس الٰہی اور این اے 65 چکوال میں چودھری سالک حسین کی ریکارڈ کامیابی کے بعد ظہورالٰہی ہاﺅس میں آنے والے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گجرات اور چکوال میں ایک بار پھر مسلم لیگ کی کامیابی اس کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ ہم آپ کی توقعات پر پورا اتریں گے، ہم آپ کی محبت کا دین نہیں دے سکتے، ہمارا خاندان مخلصانہ طور پر آپ کے ساتھ چلا ہے اور آپ بھی ہمارے خاندان کے ساتھ بھرپور محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ شہبازشریف کے ایک اشارے پر ڈی سی او، ڈی پی او تبدیل ہو جاتے تھے، سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی وجہ سے شہبازشریف اللہ کی پکڑ میں آ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر کسی بھی پارٹی میں فارورڈ بلاک بنانے کے خلاف ہوں، صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے، آنے والے وقت میں حالات مزید بہتری کی طرف جائیں گے اور بہتر سے بہتر ہوں گے، 10 سال کی بربادی 60 دنوں میں ٹھیک نہیں ہو سکتی اس لیے حکومت کو وقت دینا چاہئے تاکہ وہ حالات و واقعات کا جائزہ لے کر آگے بڑھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار اچھے اور مضبوط وزیراعلیٰ ہیں وہ ضرور ڈیلیور کریں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن میں جو افسران ملوث تھے ان کو تبدیل کر دینا چاہئے تاکہ غیر جانبدارانہ انکوائری ہو سکے۔ اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کا بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنا خوش آئند ہے اور انہیں ووٹ کا حق دینا الیکشن کمیشن کا اچھا اقدام اور تبدیلی کی طرف اشارہ ہے۔ نئی نسل آگے آ رہی ہے اس سے تبدیلی بھی سامنے آئے گی۔ قبل ازیں این اے 69 سے امیدوار مونس الٰہی، چودھری شفاعت حسین، راسخ الٰہی، محمد الٰہی اور حسن الٰہی نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول پنڈی تاتار میں اپنا اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔علاوہ ازیں گجرات سے نامہ نگار کے مطابق چودھری شجاعت حسین نے گجرات کے حلقہ این اے 69 کے پولنگ سٹیشن مسلم آباد میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 40 سال بعد سویلین سیٹ اپ کے تحت الیکشن ہو رہے ہیں، پولنگ پرامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کامیابی کے ساتھ چل رہی ہے، بہت مشکل حالات سے گزر کر یہ حکومت قائم ہوئی ہے جو لوگ حکومت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں وہ کرتے رہیں گے۔ لوگ کہتے ہیں کہ اپوزیشن والے حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹائیں گے حالانکہ اپوزیشن کے پاس حکومت ہٹانے کا کوئی جواز نہیں، موجودہ حکومت کو موقع دینا چاہئے، عمران خان کو حکومت میں آنے سے پہلے اندازہ نہیں تھا کہ سابقہ حکومت نے حالات کتنے خراب کر رکھے ہیں۔ شجاعت نے کہا کہ شہبازشریف آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کی جہ سے نہیں بلکہ اپنے ظالمانہ رویے کی وجہ سے قید ہیں، ان حالات کے وہ خود ذمہ دار ہیں، شہبازشریف سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کے عذاب کی پکڑ میں آئے ہیں، مجھے قوی امید ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے شہداءکے لواحقین کو جلد انصاف ملے گا۔
شجاعت/ پرویز الٰہی

ای پیپر-دی نیشن