جونیئر ٹیم کا انتخاب مشکل ، سفارش نہیں سنتا حقدار کو حق ملے گا: باسط علی
لاہور(نمائندہ سپورٹس) جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی کا کہنا ہے کہ ہمیشہ پلیئرز کا انتخاب میرٹ پر کرتا ہوں لاہور میں انڈر16 ٹیم کی سلیکشن میں بھی کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر کیا ہے جو حقدار اور باصلاحیت ہو گا اسے منتخب کرونگا ۔جونیئر سطح پر ٹیم کا انتخاب نسبتا مشکل کام ہے۔ کبھی دباو میں آیا نہ سفارش سنتا ہوں۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔والدین کے نزدیک انکا بچہ سب سے اچھا ہوتا ہے جہاں بھی جاوں ایمانداری سے کام کرتا ہوں۔کوئی کھلاڑی زائد عمر نکل آئے تو اس میں سلیکشن کمیٹی کا کوئی قصور نہیں ہوتا۔ انجانے میں غلطی ہو سکتی ہے لیکن جان بوجھ کر کسی باصلاحیت کھلاڑی کو کرکٹ سے دور نہیں کر سکتا۔ لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر شاریز خان روکھڑی کا کہنا ہے کہ جونیئر سلیکشن کمیٹی کے ساتھ کسی قسم کے اختلافات نہیں ہیں ‘ سلیکشن پر کوئی اعتراض نہیں اور انڈر 16 کھلاڑیوں کے انتخاب میں جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کے حوالے شائع ہونیوالی تمام خبریں بے بنیاد ہیں ہم انکوائری کر رہے ہیں کہ ایسوسی ایشن کے کس عہدیدار نے یہ غلط خبریں پھیلائی ہیں۔