ایشین چیمئنز ٹرافی، قومی ہاکی ٹیم کی آجروانگی ، مینجمنٹ میں اختلافات نہیں : محمد ثقلین
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پانچویں ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ 2018ء میں شرکت کے لیے پاکستان ٹیم محمد رضوان سینئر کی قیادیں آج اومان روانہ ہوگی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹورنامنٹ کے لیے 18 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر رکھا ہے جن میں عمران بٹ، مظہر عباس، محمد عرفان سینئر، محمد علیم بلال، عماد شکیل بٹ (نائب صدر)، مبشر علی، تصور عباس، محمد رضوان جونیئر، محمد رضوان سینئر (کپتان)، محمد توثیق ارشد، علی شان، محمد عمر بھٹہ، محمد عتیق، اعجاز احمد، محمد عرفان جونیئر، محمد فیصل قادر، ابوبکر اور محمد زبیر شامل ہیں۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے معاون کوچ محمد ثقلین کا کہنا ہے کہ پوری تیاری کے ساتھ جا رہے ہیں، لاہور اور کراچی میں لگنے والے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی خامیوں پر زیادہ سے زیادہ کوشش کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز میں بھی ان ٹیموں کے مد مقابل آ چکے ہیں امید کرتے ہیں کہ اس مرتبہ کھلاڑی پوری جان مار کر میدان میں اتریں گے اور کامیابی کو اپنا مقدر بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں کہ ٹیم مینجمنٹ میں کسی بھی قسم کے کوئی اختلافات ہیں۔ یہ کسی ایک کی نہیں بلکہ پورے ملک کی ٹیم ہے۔ ہیڈ کوچ حسن سردار کی جانب سے جو بھی فیصلے کیے جائیں گے ہمارا کام ان پر عمل کرنا ہے۔ 18 سے 28 اکتوبر تک جاری رہنے والی چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان کے علاوہ بھارت، ملائیشیا، کوریا، جاپان اور میزبان اومان شامل ہیں۔ پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 19 اکتوبر کوریا کے خلاف کھیلے گی جبکہ 20 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے مد مقابل ہوگی۔ پاکستان ٹیم اپنا تیسرا میچ 22 اکتوبر کو میزبان اومان کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان ٹیم اپنا پانچواں میچ 24 اکتوبر کو جاپان جبکہ 25 اکتوبر کو ملائیشیا کے خلاف میدان میں اتریگی۔