• news

دوسرے ٹیسٹ میچ میں گرین شرٹس پر دبائوہو گا:اظہر علی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز اظہر علی نے تسلیم کیا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں گرین شرٹس پر دبائوہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ نہیں کہ سکتا پاکستان پر زیادہ دبائوہو گا یا آسٹریلیا پر مگر میزبان کی حیثیت سے عوام کی توقعات ہم سے زیادہ ہونگی ۔ ہمیں جیتنا ہوگا اور دبائو بھی ہو گا۔ ابو ظہبی میں کنڈیشنز ہماری فیور میں ہونگی اور ہمیں انہیں مزید بہتر کرنا ہو گا تاکہ جیت سکیں۔ ہر میچ میں دبائو مختلف ہوتا ہے اور یہ فیصلہ کرتا ہے ۔ ہم جیت کیلئے میدان میں اتریں گے اور میزبان کی حیثیت جیت ہمارے لئے ضروری ہے ۔ ہم مثبت کرکٹ کھیلنے کیلئے محنت کر رہے ہیں اور امید ہے نتائج بھی ہماری حمایت میں آئیں گے ۔ اوپنر امام الحق کے زخمی ہونے کی وجہ سے کسی دوسرے کھلاڑی کو اوپنر کھلانا مجبوری ہے اور مجھے بھی موقع دیا جاسکتا ہے ۔اس سے قبل بھی بطور اوپنر کھیل چکاہوں ۔پاکستان کی طرف سے کھیلنے کیلئے ہرطرف پوزیشن کیلئے تیار رہنا چاہئے ۔ پہلا ٹیسٹ میچ نہ جیتنے پر کھلاڑی مایوس ہیں۔ ہم نے ڈرا پر ہمت نہیں ہاری البتہ مایوس ضرو ر ہوئے ۔ میچ جیت سکتے تھے کیونکہ زیادہ وقت میچ پر گرفت ہماری تھی ۔ ماضی کو بھول کر اب دوسرے ٹیسٹ پر نظریں ہیں اور کوشش کرینگے کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں ۔ اچھے بلے باز کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ رنز کرے۔

ای پیپر-دی نیشن