بجلی پونے چار روپے یونٹ تک مہنگی‘ فیصلہ آج‘ ڈالر 1.32 روپے اوپر‘ سٹاک مارکیٹ میں ایک کھرب 27 ارب ڈوب گئے
لاہور+کراچی+ اسلام آباد(کامرس رپورٹر+خصوصی نمائندہ+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کی سمری تیار کر لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں مجوزہ اضافے کی سمری تیار کرلی گئی جس کی منظوری کا فیصلہ آج وزیر خزانہ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ بجلی کے نرخوں میں اضافہ سال2016-17ءاور 2018ءکے لئے تجویز کیا گیا جس کے تحت فی یونٹ قیمت میں 3 روپے 75 پیسے اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین سے تقریباً 400 ارب روپے ماہانہ اضافی وصول کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا گیا۔کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی ایک بار پھر انٹربنک میں روپے کی قدر میں کمی دیکھی جارہی ہے اور ڈالر میں 1.32 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔کاروبار کے دوران انٹر بنک میں ڈالر کی قدر 133.25 روپے ہوگئی ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1.30روپے اضافے سے 133.30 کا ہو گیا۔ دوسری طرف پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مندی کا رجحان برقرار رہا۔ کے ایس ای 100انڈیکس 750.36پوائنٹس کی کمی سے 3676.57پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے ایک کھرب 27ارب 54کروڑ 89لاکھ 16ہزار 121روپے ڈوب گئے تاہم تجارتی حجم میں 62کروڑ 19لاکھ 26ہزار 640روپے کی تیزی ریکارڈ کی گئی جبکہ خرید و فروخت میں 3کروڑ ایک لاکھ 60حصص کا اضافہ ہوا۔ مزید برآں وزیر خزانہ اسد عمرکی زیرصدارت ایف بی آر اہداف سے متعلق اجلاس ہوا۔ چیئرمین ایف بی آر نے وزیر خزانہ کو نئے اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت ٹیکس نیٹ بڑھانے پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیرپاور عمر ایوب نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بجلی کی قیمتیں بڑھاتے وقت کم آمدنی والے افراد کا خیال رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ آج کیا جائے گا۔ بجلی کی قیمت کتنی بڑھا رہے ہیں، اجلاس سے پہلے نہیں بتا سکتا۔
بجلی/ ڈالر