پارٹی کیلئے قربانیاں دینے والے ہمارے سر کا تاج ہیں : عثمان بزدار
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سموگ پر قابو پانے کیلئے اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت صوبہ بھر میں سموگ پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے۔ ایئر مانیٹرنگ کیلئے سٹیشن قائم کیے جارہے ہیں جو سموگ سے متعلق ڈیٹا فراہم کریں گے۔ گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان میں ایئر مانیٹرنگ سٹیشن نصب کردیئے گئے ہیں جبکہ سرحد پار سے فصلوں کی باقیات جلانے سے ہوا کے ذریعے آنیوالی راکھ کی مانیٹرنگ کیلئے بی آر بی نہر کے پار خصوصی ایئر مانیٹرنگ سٹیشن قائم کیا گیا ہے۔ خصوصی موبائل لیب بھی 18اکتوبر سے فنکشنل ہوجائے گی۔ صوبہ بھر میں فصلوں کی باقیات، پولی تھین بیگ، ٹائر اور ربڑ جلانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور اس ضمن میں دفعہ 144کا صوبہ بھر میں نفاذ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دفعہ 144کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور چاول کی فصل کی باقیات تلف کرنے کیلئے ’’رائس چاپر‘‘ استعمال کیے جائیں- اجلاس میں بھٹوں کے حوالے سے امور کا جائزہ لینے کیلئے وفاقی مشیر امین اسلم کی زیر قیادت کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی اینٹوں کے بھٹوں کے بارے میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اینٹوں کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے بھٹہ مالکان کو ترغیب دی جائے گی۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی تسلسل کے ساتھ کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کی طرف سے حکومت پنجاب کو تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ عثمان بزدار سے تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے صدر اسحاق خان خاکوانی کی قیادت میں پارٹی صدور نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع کے پارٹی صدور میرے دست و بازو ہیں اور آپ کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ تسلسل سے جاری رہے گا۔ پارٹی کیلئے قربانیاں دینے والے ہمارے سر کا تاج ہیں۔ آپ کی عزت میری عزت ہے۔ بجٹ کے بعد پنجاب کابینہ کا اجلاس ملتان میں ہوگا۔ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن میں ضلع کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ان کمیٹیوں میں پارٹی صدور کو بھی نمائندگی دیں گے۔ دور دراز علاقوں میں ریسکیو 1122 کے سینٹرز بھی بنائے جائیں گے۔ عثمان بزدار سے انٹر میڈیٹ کے امتحانات میں تھرڈ پوزیشن حاصل کرنے والی لاہور کے نواحی گائوں پانڈوکی کی رہائشی یتیم طالبہ عظمیٰ وارث نے اپنی والدہ کے ساتھ ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے یتیم طالبہ عظمیٰ وارت کو 5 لاکھ روپے کا چیک اور گلدستہ دیا۔ سردار عثمان بزدار نے ضمنی الیکشن کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور رینجرز نے بھی سکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کیلئے بھرپور معاونت کی۔ سردار عثمان بزدار سے پنجاب کے سابق انسپکٹر جنرل پولیس محمد طاہر نے ملاقات کی۔ عالمی یوم خوراک کے موقع پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ خوراک ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے۔ ملک میں غذائی قلت کے امکان کم کرنے کیلئے خوراک کا ضیاع روکنا ہوگا اور اس ضمن میں عام آدمی کو بھرپور آگاہی فراہم کرنا ضروری ہے۔ سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بجٹ سیشن کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف کا پہلا صوبائی بجٹ پارٹی منشور کا آئینہ دار ہوگا۔ ہمارا بجٹ غریب آدمی کیلئے ہے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات نظر آئیں گے۔ میں اور وزراء بجٹ سیشن کے دوران اسمبلی میں موجود رہیں گے اور ارکان اسمبلی بجٹ سیشن اور بحث میں بھرپور حصہ لیں۔
عثمان بزدار