ضمنی انتخابات : سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ نتائج کا حصہ ہونگے‘ آر ٹی ایس کامیاب رہا : الیکشن کمشن
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن نے آر ٹی ایس سسٹم کو کامیاب قرار دے دیا۔ الیکشن کمشن کے مطابق ضمنی انتخابات 2018 ءمیں رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کے ذریعے نتائج الیکشن کمشن میں موصول ہوتے رہے ہیں کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔ پریزائڈنگ افسران نے اپنے موبائل فون کے ذریعے تصویر لے کر فارم 45 آر ٹی ایس سسٹم میں ڈالا۔ ریٹرنگ افسران نے آر ٹی ایس سے ملنے والے نتائج کو رزلٹ مینجمنٹ سسٹم میں ڈالا۔ الیکشن کمشن نے آر ٹی ایس سسٹم کو کامیاب قرار دے دیا۔ آر ٹی ایس کی فعالیت اور کامیاب تجربے کے باعث الیکشن کمشن نے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ ساڑھے دس بجے جاری کیا۔ آر ٹی ایس سسٹم کی بندش سے متعلق خواجہ سعد رفیق کے بیان کو الیکشن کمیشن نے مسترد کیا۔ دوسری طرف الیکشن کمشن نے سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے کاسٹ کئے گئے ووٹوں کو رزلٹ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔انٹرنیٹ کے ذریعے کاسٹ ہونے والے تمام ووٹز کی تفصیلات متعلقہ ریٹرننگ آفیسروں کو بھیجوا دی گئی ہیں ۔ریٹرننگ آفیسرز انٹرنیٹ کے ذریعے کاسٹ ہونے والے ووٹس کو حتمی نتائج میں شامل کریں گے۔ مزید برآں الیکشن کمشن نے ضمنی انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں کامیاب ہو نے والی سیاسی جماعتوں کی پارٹی پوزیشن جا ری کر دی،تحریک انصاف نے 15اور (ن) لیگ نے 11 نشستیں حاصل کیں ،مسلم لیگ ق، عوامی نیشنل پارٹی اور پیپلز پارٹی نے 2 ،2 جبکہ متحدہ مجلس عمل اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے ایک ایک نشست حاصل کی ، ضمنی انتخابات میں 3 آزاد امیدوا ر بھی کامیاب ہوئے۔ الیکشن کمشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 11 نشستوں میں سے تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) نے 4،4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جب کہ مسلم لیگ (ق) نے 2 اور متحدہ مجلس عمل نے ایک نشست پر کامیابی سمیٹی۔ خیبرپی کے اسمبلی کی 9 نشستوں میں سے تحریک انصاف نے 6، عوامی نیشنل پارٹی نے 2 اور مسلم لیگ (ن) نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔پنجاب اسمبلی کی 13 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) نے6 نشستیں حاصل کیںجبکہ تحریک انصاف نے 5 نشستیں حاصل کیں ، دو نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔سندھ اسمبلی کی 2 نشستیں پیپلز پارٹی کے حصے میں آئیں جب کہ بلوچستان اسمبلی کی 2 نشستوں میں سے ایک نشست پر بلوچستان نیشنل پارٹی اور ایک نشست پر آزاد امیدوار کامیاب ہوا۔
الیکشن کمشن
اسلام آباد(قاضی بلالخصوصی نمائندہ) ضمنی انتخاب میں مجموعی طورپر ووٹرز کا ٹرن آﺅٹ 40.60فیصد رہا جبکہ اوووسیز پارکستانیز کے ووٹرز کا ٹرن آﺅٹ سوفیصد رہا۔ اس کے علاوہ ضمنی الیکشن کے دوران قومی اور صوبائی اسمبلی کے 6 حلقے ایسے ہیں جہاں صرف چند سو ووٹوں سے ہارجیت کا فیصلہ ہوا۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ پانسہ پلٹنے کی پوزیشن میں آ گئے، غیر حتمی ، غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 6 حلقے ایسے ہیں جہاں جیت کا فرق انتہائی کم ہے۔ راولپنڈی میں قومی اسمبلی کے حلقہ 60 میں صرف 647 ووٹوں سے جیت ہار کا فیصلہ ہوا، خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ 53 مردان میں صرف21 ووٹوں سے فیصلہ ہوا۔ پنجاب اسمبلی کے حلقہ 3 اٹک میں صرف 150 ووٹوں نے امیدوار کو کامیابی دلوائی۔پی پی 27 جہلم میں بھی امیدوار صرف 600 ووٹوں کے فرق سے فاتح ٹھہرا، پی کے 7 سوات میں 600 اور پی کے 3 سوات میں جیت کا فرق صرف 800 ووٹوں کا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کا پی بی پینتیس مستونگ میں صرف ایک ووٹ تھا جو پول ہوا اس طرح یہاں ٹرن آﺅٹ سو فیصد رہا ۔این اے ایک سو تین فیصل آباد میں سب سے زیادہ ٹرن آﺅٹ چھیانوے فیصد رہا ۔این اے ایک سو تین میں68ووٹ رجسٹر تھے اور 65کاسٹ ہوئے ۔ این اے ایک سو چوبیس میں پانچ سو دس رجسٹرڈ ووٹ تھے اور پول چار سو ہوئے اس طرح یہاں تناسب 78فیصد رہا ۔ این اے ایک سو اکتیس لاہور میں1126ووٹ رجسٹرڈ تھے جبکہ کاسٹ 991 ہوئے اسطرح یہاں 88فیصد ٹرن آﺅ ٹ رہا ۔ اس کے علاوہ این اے 35بنوںمیں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 304تھی اوراس حلقہ میں دو سو اکاسی ووٹ پول ہوئے اس طرح یہاں ٹرن آﺅٹ 92فیصد رہا ۔
ٹرن آﺅٹ