نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبہ، لاہور سمیت 10 شہر شامل، نابینا افراد کیلئے 25 ہزار گھر تعمیر کرنیکا فیصلہ
لاہور (این این آئی) نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے میں پنجاب کے مزید 10 شہروں کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جس کے لئے آئندہ سال کے شروع میں رجسٹریشن کے لئے درخواستیں طلب کی جائیں گی۔بتایا گیا ہے کہ نئے 10شہروں میں لاہور، قصور، سیالکوٹ، جہلم، بہاولپور، لیہ، ملتان ، وہاڑی، رحیم یار خان اور گوجرانوالہ کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی ہاﺅسنگ ٹاسک فورس اور پنجاب حکومت نے ابتدائی تیار مکمل کر لی۔پنجاب میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت فیصل آباد میں منصوبہ شروع کیا گیا ہے، فیصل آباد میں تکنیکی ٹیم نے سروے مکمل کرلیا، دو منزلہ گھر بنیں گے۔ صوبائی وزیر ہاﺅسنگ محمود الرشید کا کہنا ہے اگلے سال کے شروع میں نئے دس شہروں میں درخواستیں مانگ لی جائیں گی۔ فیصل آباد، سکھر، کوئٹہ، ڈیرہ اسماعیل خان، اسلام آباد، گلگت اور مظفر آباد میں پائلٹ پراجیکٹ آغاز کیا گیا تھا۔نیا پاکستان ہاسنگ پروگرام کے تحت 60دنوں میں رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو گا۔ فارم 12اکتوبر 2018ءسے 21دسمبر 2018ءتک مختص کردہ ضلعی ہاﺅسنگ پروگرام آفس میں بمعہ 250روپے رجسٹریشن فیس کے جمع کرائے جاسکیں گے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر ہاﺅسنگ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم میںنابینا افراد کے لئے 25000 گھر تعمیر کئے جائیں گے اور کوشش ہوگی کہ نابینا افراد کے لئے ایک فیصد کوٹہ مختص کردیا جائے۔ انہوں نے نابینا افراد کے ہاسٹل کی تعمیر کے لئے زمین دینے کا بھی اعلان کیا۔ ان خیالات کا اظہار میاں محمود الرشید نے گزشتہ روز الحمراکلچرل کمپلیکس انٹرنیشنل وائٹ سیفٹی ڈے کے حوالے سے العجم سکاﺅٹس اوپن گروپ کی جانب سے منعقد کردہ ایک رنگا رنگ تقریب میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو ہم نے بہت خواب دکھائے ہیں جن کی تعبیریں بہت مشکل ہیں۔ انہوں نے وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم عوام کو ان کے وعدوں کی تعبیر ان سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرکے اور ڈیلیور کرکے دیں گے۔
ہاﺅسنگ منصوبہ