افغان کھلاڑی کے ایک اوور میں 6چھکے، تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا
شارجہ(این این آئی)افغانستان پریمیر لیگ (اے پی ایل) کے ایک میچ میں حضرت اللہ زازئی ایک ہی اوور میں 6 چھکے لگانے کا ریکارڈ بنانے والے کرکٹ کی تاریخ کے چھٹے بیٹسمین بن گئے۔شارجہ کرکٹ گراؤنڈ پر بلاخ لیجنڈز کے خلاف کابل زوانان کی جانب سے کھیلتے ہوئے میچ کی دوسری اننگز کے چوتھے ہی اوور میں یہ کارنامہ انجام دے کر 6 چھکے لگانے والے کھلاڑیوں کے کلب میں شامل ہوگئے۔چھ چھکے لگانے کے ساتھ ساتھ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ بھی برابر کردیا جو ان سے سے قبل عظیم بلے بازوں یوراج سنگھ اور کرس گیل کے پاس ہے۔یوراج سنگھ نے 2007 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کے خلاف جبکہ کرس گیل نے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں سڈنی سٹرائیکرز کے خلاف میلبرن رینیگیڈز کی جانب سے کھیلتے ہوئے 2016 میں 12 گیندوں پر نصف سنچری سکور کی تھی۔حضرت اللہ زازئی نے بھی 12 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی جبکہ میچ میں 17 گیندوں پر 62 رنز سکور کیے۔