ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹء میں شرکت کے لیے پاکستان ٹیم اومان پہنچ گئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پانچویں ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹء میں شرکت کے لیے پاکستان ٹیم اومان پہنچ گئی۔ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں میں عمران بٹ، مظہر عباس، محمد عرفان سینئر، محمد علیم بلال، عماد شکیل بٹ (نائب صدر)، مبشر علی، تصور عباس، محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق ارشد، علی شان، محمد عمر بھٹہ، محمد عتیق، اعجاز احمد، محمد عرفان جونیئر، محمد فیصل قادر، ابوبکر اور محمد زبیر شامل ہیں جبکہ کپتان رضوان سینئر جو اس وقت ہالینڈ میں یورپئین لیگ کھیل رہے ہیں وہاں سے اومان پہنچ کر ٹیم کو جوائن کرینگے ۔ قومی ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر کا کہنا ہے کہ ایشین چیمپئن ٹرافی کا فائنل کھیلنا ہدف ہوگا اور اس حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کوریا اور بھارت سمیت ایشیائی ایونٹ کا ہر میچ فائنل سمجھ کر کھیلیں گے۔خصوصی بات چیت میں رضوان سینئر کا کہنا تھا کہ آج جو بھی ہوں، قومی کھیل کی بدولت ہوں، اس تاثر میں کوئی صداقت نہیں کہ پاکستانی ٹیم پر غیر ملکی لیگز کو ترجیح دیتا ہوں، مکئی بار لیگز ادھوری چھوڑ کر قومی کیمپوں کا حصہ بنا،اب بھی یورپی لیگ کے 2میچز چھوڑ کر اومان جا رہا ہوں،رضوان سینئر نے کہا کہ موجودہ ماڈرن ہاکی میں کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں کہا جا سکتا، ایک وقت تھا کہ بیلجیم ٹیم کا کوئی نام ونشان نہیں تھا، آج یہ ٹیم انٹرنیشنل ہاکی میں بہترین نتائج دے رہی ہے، اس طرح کی کارکردگی جاپان، ملائشیا اور دوسری ٹیمیں بھی دکھا رہی ہیں۔ایک اور سوال پر رضوان سینئر کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز میں جاپان کے ہاتھوں شکست کو ابھی تک بھول نہیں سکا، نئے کھلاڑی انٹرنیشنل میچز کا دباونہیں لے پاتے جس کی وجہ سے اہم میچوں میں ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سینئرز کے ساتھ جونیئر کو ساتھ شامل کر کے عوامی توقعات کے مطابق نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ 18 سے 28 اکتوبر تک جاری رہنے والی چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان کے علاوہ بھارت، ملائیشیا، کوریا، جاپان اور میزبان اومان شامل ہیں۔ پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 19 اکتوبر کوریا کے خلاف کھیلے گی جبکہ 20 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے مد مقابل ہوگی۔