• news

یوتھ اولمپکس میں نئی تاریخ رقم ، پاکستانی باکسر عنایت اللہ نے پہلا برانزمیڈل جیت لیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستانی ریسلر عنایت اللہ نے یوتھ اولمپکس میں امریکی ریسلر کو دھول چٹاکر تاریخ رقم کر دی۔ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں جاری یوتھ اولمپکس میں پاکستانی ریسلر عنایت اللہ نے امریکی ریسلر کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے عنایت اللہ 65 کلو گرام کی کیٹگری میں کامیابی حاصل کر کے یوتھ اولمپک گیمز میں تمغہ جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔عنایت اللہ نے یوتھ اولمپکس کے ریسلنگ ایونٹ میں نیوزی لینڈ کے ریسلر کو 13-2 پوائنٹس سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ جہاں ان کا سامنا ورلڈ چیمپئن آذربائیجان کے ریسلر سے ہوا جس میں وہ 8 پوائنٹس سے ہار گئے۔ برانز میڈل میں انہوں نے امریکی ریسلر کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 6-2 سے جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ عنایت اللہ کے والد زاہد خان بھی دس سال تک چیمپئن رہے ہیں اور بھائی نعمت اللہ بھی ریسلنگ میں ملکی سطح کے مقابلوں میں اچھے نتائج دے رہے ہیں۔عنایت اللہ نے اس میڈل کو ان تمام نوجوان ریسلرز کے نام کیا ہے جو اس کھیل میں ملک کا نام روشن کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ عنایت اللہ اس سے قبل ورلڈ بیچ جونیئر مقابلوں میں گولڈ اور 2016 میں بنکاک میں ایشین جونیئر ریسلنگ چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیت چکے ہیں۔ایونٹ کے طلائی تمغے کے مقابلے میں آذربائیجان کے ریسلر نے ایرانی ریسلر کو شکست دی۔

ای پیپر-دی نیشن