• news

کوچ کپتان ایک پیج پر ، توجہ میچ پر مرکوز ہے : سرفراز احمد

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے اختلافات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوچ اور کپتان ایک ہی پیج پر ہیں۔ابوظہبی میں پریس کانفرنس کے دوران سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوچ اور میرے درمیان اختلاف نہیں، جو ہونا تھا وہ ہوگیا، کوچ سے اختلاف کی بات یہیں ختم کر کے اگلے میچ پر فوکس کرنا ہے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ میرے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، جیسا پہلے روز تھا آج بھی ویسا ہی ہے، ابوظہبی ٹیسٹ میں اچھی اننگز کھیلنے کی کوشش کروں گا اور موقع ملا تو پاکستان کے لیے پرفارم کروں گا۔یاد رہے کہ یہ خبریں سامنے آرہی تھیں کہ سرفراز احمد نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو ناراض کرکے دبئی ٹیسٹ میں محمد حفیظ کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں جیت کے بہت قریب آگئے تھے مگر جیت نہ سکے، ایک وکٹ مل جاتی تو دبئی ٹیسٹ جیت سکتے تھے تاہم امید ہے کہ ابوظہبی ٹیسٹ میں اچھی پرفارمنس دیں گے اور کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت کپتان کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر انتہائی پْراعتماد ہوں، اچھا موقع ہے کہ اچھی کارکردگی پیش کر کے دوسرا ٹیسٹ جیتیں۔کپتان نے اعلان کیا کہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں امام الحق کی جگہ فخر زمان کھیلیں گے جنہیں ٹیسٹ سکواڈ میں لانے کا مقصد تیز کرکٹ کھیلنے والا کرکٹر شامل کرنا تھا جبکہ شاداب خان فٹ بھی ہیں اور 12 کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن