کراچی: قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کے دوران پی ٹی آئی کے ایم این اے، ایم پی اے میں تلخ کلامی
کراچی (نیٹ نیوز) کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی زمین پر قبضے کے معاملے میں تحریک انصاف کے ایم این اے آفتاب جہانگیر اور ایم پی اے رابستان کی موجودگی میں حامی لڑ پڑے۔ واقعہ تیسر ٹائون میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کے دوران پیش آیا، آفتاب جہانگیر مکوں سے بچنے کیلئے پہلے ہی گاڑی میں بیٹھ گئے تو رابستان نے حامیوں نے گاڑی پر مکے اور لاتیں ماریں۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر تحریک انصاف کے ایم پی اے اور ایم این اے کے مابین نوک جھونک بھی ہوئی، رابستان کے حامیوں نے آفتاب جہانگیر کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال بھی کیا۔ ذرائع کے ڈی اے کے مطابق واقعہ اس وقت رونما ہوا جبکہ ڈی اے کا عملہ سیکٹر6سی میں زمین کی پیمائش کرنے کیلئے پہنچا تھا ،آفتاب جہانگیر اور رابستان بھی قبضہ مافیا کی جانب سے ہونے والے احتجاج میں پہنچے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر مظاہرین سے تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں نے خطاب کیا اور معاملہ سلجھانے کی یقین دہانی کرائی لیکن واپسی پر دونوں ارکان اسمبلی کے حامی آپس لڑ پڑے۔ اس موقع پر رابستان کے حامیوں نے آفتاب جہانگیر پر حملے کی کوشش کی۔ رابستان نے ٹیلیفونک رابطے پر واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں ابھی گھر پہنچا ہوں مجھے کسی چیز کا علم نہیں ،معلوم کرکے بتاتا ہوں۔ دوسری طرف آفتاب جہانگیر نے موقف اختیار کیا کہ فی الحال تو میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد جارہا ہوں ،آج کے واقعے میں رابستان کے لوگوں نے میرے پی اے کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔