پہلی حکومت ہے جس نے 52 دن رونے، دھونے، جھوٹ بولنے کے سوا کچھ اور نہیں کیا: مریم اورنگزیب
لاہور (خصوصی رپورٹر + اپنے نامہ نگار سے) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی پریس کانفرنس کو بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا پیش خیمہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اکتوبر کو عوام کا ردِعمل دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار غریب دشمن حکومت قوم کو اعتماد میں نہ لے کیونکہ عوام کا اس پر سے اعتماد ختم ہو چکا ہے۔ یہ پہلی حکومت ہے جس نے 52 دن رونے دھونے اور جھوٹ بولنے کے سوا اور کچھ نہیں کیا۔ عوام پہ مہنگائی کا بم گرایا اور غریب کے منہ سے بس نوالا چھینا ہے۔ جھوٹی اور نااہل حکومت بجلی کی قیمت میں اضافہ کرنے جا رہی ہے اس لئے پھر رونا اور جھوٹ بولنا شروع کر دیا ہے۔ یہ کریڈیٹ نوازشریف کو جاتا ہے کہ انہوں نے اپنے دور حکومت کے دوران مہنگائی کی شرح، پٹرول اور بجلی کی قیمتوں کو تاریخ کی کم ترین سطح پر یقینی بنایا۔ مہنگائی اور عوام کے درمیان نوازشریف حائل رہے۔ نوازشریف اور شہبازشریف نے مخالفت پر نہیں، قوم کی تعمیر، منصوبوں کی تکمیل پر توجہ دی۔ مسلم لیگ (ن) پر وہ الزام لگارہے ہیں جو خیبر پی کے میں ایک میگاواٹ بجلی نہ بناسکے۔ مسلم لیگ (ن) کے دور کے 11000 میگاواٹ بجلی کے مکمل کردہ منصوبے نیب میں ضرور لے کر جائیں لیکن اپنے خیالی350 ڈیمز کا جواب بھی تو دیں؟ قوم کو بتائیں کہ 70 ارب روپے کا پشاور میٹرو کا نا مکمل منصوبہ نیب میں کب لے کر جا رہے ہیں؟ حکومت جتنا بھی جھوٹ بولے، نااہلی نہیں چھپ سکتی۔ شہباز شریف کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پر 14 اکتوبر کے ضمنی انتخابات کے نتائج کا خوف طاری ہے اور حکومت اسی شش و پنج میں مبتلا ہے کہ کہیں انہیں اقتدار سے باہر نہ پھینک دیا جائے۔ احتساب عدالت کے باہر کرفیو جیسی صورتحال کا نفاذ اور پولیس کی بھاری نفری کی تعیناتی لیگی رہنمائوں و کارکنوں کو روکنا موجودہ حکمرانوں پر خوف طاری ہونے کی علامت ہے۔ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو بلاجواز گرفتار کیا گیا ہے، اگر اسی طرح بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا تو احتجاج کادائرہ وسیع کریں گے۔ سینیٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو فوری رہا کیا جائے۔