ایک بلٹ پروف گاڑی اور پسرور کا سپیشل سکول
مکرمی ! آپ کے روزنامہ نوائے وقت جو پاکستان میں سب سے زیادہ پڑھا جا تا ہے کی وساطت سے ارباب اختیار سے اپیل ہے کہ تحصیل پسرور میں معذور بچوں کے لئے سپیشل سکول کام کر رہا ہے جو صرف آٹھویں کلاس تک معذور بچوں کو تعلیم دیتا ہے۔ آٹھویں کلاس کے بعد ان معذور اور گونگے بہرے بچوں کو سیالکوٹ یا لاہور مزید تعلیم کے لئے جانا پڑتا ہے جو ان معذور بچوں کے لئے ناممکن ہوتا ہے ۔ ہماری حکام بالا سے اپیل ہے کہ وزیراعظم ہائوس کی فروخت ہونے والی بلٹ پروف گاڑیوں میں سے صرف ایک گاڑی کی قیمت تحصیل پسرور کے سپیشل بچوں کے سکول پر خرچ کرکے اس سکول کو ہنگامی بنیاد پر اپ گریڈ کر دیا جائے ۔ اس سکول کی سرکاری عمارت تعمیر کروائی جائے تاکہ یہ معذور بچے تعلیم حاصل کرکے معاشرہ میں باغزت زندگی بسر کر سکیں۔ (طاہر صدیق ، کلاسوالہ ، تحصیل پسرور ضلع سیالکوٹ )