پاکستان سے باہمی سیریز احسان مانی نے بھارتی موقف کو منافقت قراردیدیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین احسان مانی نے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان سے کھیلنے کے باوجود دوطرفہ سیریز کھیلنے سے بھارت کے موقف کو منافقانہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ہم سے آئی سی سی کے مقابلوں میں تو کھیلتا ہے لیکن دوطرفہ سیریز نہیں ، معاملے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ،آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات کی وجہ سے بھارت کے سخت موقف میں نرمی کا کوئی امکان نہیں۔ اس سلسلے میں بہت زیادہ منافقت سے کام لیا جا رہا ہے ۔پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز سے دونوں ملکوں کے بورڈز کو بہت زیادہ مالی فائدہ حاصل ہوتا ہے تاہم ہم مالی فائدے کی وجہ سے دوطرفہ سیریز کی بحالی نہیں چاہتے بلکہ اگر وسیع تر تناظر میں دیکھا جائے تو اس سے کھیل کو بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔ بھارت اور پاکستان کے میچ کو دیکھنے والے دنیا میں سب سے زیادہ ہوتے ہیں لہٰذا اگر بھارتی حکومت اپنے عوام کو ان سنسنی خیز مقابلوں سے محروم رکھنا چاہتی ہے تو یہ ان کی مرضی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری میں کرکٹ اہم کردار ادا کر سکتی ہے کیونکہ اس کے ذریعے سے لوگوں کو ایک دوسرے رابطے اور بات کرنے کا موقع ملتا ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں بھارتی شائقین پاکستان آتے ہیں اور خوشی خوشی وطن واپس جاتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کو کھیل اور ثقافت کے ذریعے بحال کرنے سے بہتر کوئی اور راستہ نہیں۔