ہاکی فیڈریشن کیخلاف سابق اولمپئنز‘انٹرنیشنل کھلاڑیوں کا گرینڈ الائنس
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان ہاکی فیڈریشن کے خلاف سابق اولمپئنزاورانٹرنیشنل کھلاڑیوں نے گرینڈ الائنس بنا کر فیڈریشن عہدیداروں کوبرطرف کرکے معاملات کی شفاف تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا۔گرینڈالائنس میں شامل سینئر اولمپئینز کی طرف سے ڈیفنس کلب لاہور میں اہم میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں اولمپیئن راؤ سلیم ناظم، اولمپیئن خواجہ جنید، اولمپیئن خالد بشیراور اولمپیئن نوید عالم سمیت دوسرے انٹرنیشنل کھلاڑی بھی شامل تھے۔شرکا کے مطابق گرینڈ الائنس کے تحت جلد قومی کھیل کی بقاء کے لئے ملک گیرمہم کا آغازہوگا جس میں پاکستان ہاکی اولمپئنز، انٹرنیشنل و نیشنل کھلاڑی، ٹیکنیکل آفیشلز کی بڑی تعداد شامل ہوگی۔گرینڈ الائنس میں شامل اولمپیئن نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی انکوائری کمیٹی کی سفارشات پرعملدرآمد کے بجائے پی ایچ ایف ارباب اختیار نے مجرمانہ خاموشی اختیارکرلی ہے۔