این ایچ اے ناردرن ریجن کی9 گاڑیاں ایک کروڑ 13لا کھ روپے میں نیلام
پشاور(بیورو رپورٹ)سرکاری محکموں میں سادگی اور بے جا اخراجات میں بچت سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ناردن ریجن آفس کی نو گاڑیاں بھی کھلی نیلامی کے ذریعہ جمعہ کے روز ایبٹ آباد میں فروخت کر دی گئیں۔ ان گاڑیوں کی نیلامی سے این ایچ اے کو ایک کروڑ 13لا کھ 70ہزار روپے حاصل ہوئے اور ان میں تین لگژری گاڑیاں بھی شامل تھیں۔ تفصیلات کے مطابق این ایچ اے کی نو گاڑیاں جنرل منیجر ناردرن ریجن ایبٹ آباد کے دفتر میں نیلامی کیلئے پیش کی گئیں، نیلامی کے عمل کی نگرانی این ایچ اے کی چار رکنی کمیٹی نے کی جن میں جنرل منیجر ناردرن ریجن جہانگیر خان، ڈائریکٹر این ایچ اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد شکیل احمد، ڈپٹی ڈائر یکٹر نسیم جاوید اور اکائونٹس آفیسر شامل تھے جبکہ میڈیا کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ نیلام کی گئی گاڑیوں میں ٹیوٹا پراڈو (2006)، مٹسو بشی پیجارو جیپ (1995)، سوزوکی کلٹس (2005)، ٹیوٹا ڈبل کیبن (2005)، ٹیوٹا پراڈو 2008))، ٹیوٹا ٹائیگر (2005)، ٹیوٹا ویگو(2005)، سوزوکی کلٹس (2006) اور سوزوکی پوٹھوہار جیپ (2007) شامل تھیں۔ ان گاڑیوں کی کم از کم قیمت 90لاکھ 58ہزار 848روپے مقرر کی گئی تھی جبکہ اوپن آکشن میں اتھارٹی کو ایک کروڑ 13لاکھ 70ہزار روپے حاصل ہوئے جو کم سے کم مقررہ قیمت سے 26فیصد زیادہ رقم ہے۔ جنر ل منیجر ناردرن ایریاز جہانگیر خان نے بتایا کہ وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایت پر ملک بھر میں این ایچ اے کی کل 219گاڑیاں نیلام کی جائیں گی جن میں سے اب تک ہیڈکوارٹرز آفس کی 62، پشاور کی 15اور ایبٹ آباد کی نو گاڑیوں کی نیلامی مکمل ہو چکی ہے جبکہ دیگر علاقائی دفاتر کی گاڑیوں کی نیلامی بھی آئندہ چند روز میں مکمل کر لی جائے گی۔