• news

فاسٹ بائولر عباس کے گھر جشن ‘مٹھائیاں تقسیم ‘بھنگڑے ‘ہوائی فائرنگ

لاہور+سیالکوٹ(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس+نامہ نگار) فاسٹ باؤلر محمد عباس ایک غریب گھر سے تعلق رکھتے ہیں۔ محمد عباس بچپن میں ویلڈنگ بھی کرتے رہے اور پھر گزر بسر کے لئے ضلع کچہری میں پراپرٹی رجسٹری کا کام بھی کرتے رہے۔ اس کے علاوہ محمد عباس نے گھر کا خرچ چلانے کے لئے چمڑا فیکٹری میں بھی کام کیا۔ محمد عباس کے والد نے ئے کہا کہ میرے بیٹے نے ہمیشہ محنت پر یقین رکھا ۔ مزدوری بھی کرتا رہا اور کرکٹ بھی کھیلتا رہا۔ آج اللہ نے محنت کا پھل دیدیا ہے اور ہمارا بیٹا پاکستان کا نام روشن کر رہا ہے۔ ٹیسٹ سیریز جیتنے پر سیالکوٹ میں کرکٹ کے شائقین نے خوشی میں ہوائی فائرنگ کی، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ، مٹھائیاں تقسیم کی اور ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے رہے۔ شائقین نے سیالکوٹ کے باؤلرز محمد عباس اور آصف بلال کی شاندار کارکردگی کو بھی سراہا۔ ٹیسٹ سیزیز جیتنے پر سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بانی چیئرمین میاں محمد ریاض، سیال ایئرکے چیئرمین فضل جیلانی، سی ای او ایئر سیال میاں محسن، صدر چیمبر خواجہ مسعود اختر سمیت سینکڑوں افراد نے ٹیم اور بورڈ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ٹیم قوم کو اس طرح کی خوشیاں دیتی رہے گے۔ دریں اثنا سخت محنت کرنے والے کرکٹر محمد عباس نے اپنی منزل پا لی جس پر گھر والے نہال ہیں۔ پاکستان کو سیریز جتوانے پر گھر پر جشن منایا گیا اور مٹھائی کھلائی گئی۔ محمد عباس کے والد خوشی سے پھولے نہیں سما رہے تھے۔ ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلائیں۔ والد نے کہا کہ پورے پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، محمد عباس کی ترقی کیلئے دعا کریں، محمد عباس کو محنت کا صلہ ملا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن