فاسٹ بائولر محمد عباس نے ابو ظہبی میں نئے ریکارڈز قائم کر دیئے
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )محمد عباس 12 سال بعد پہلے پاکستانی فاسٹ بائولر بن گئے ہیں جنھوں نے ٹیسٹ میچ میں دس وکٹیں لی ہیں۔محمد عباس پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی پانچ وکٹیں لینے میں کامیاب رہے اور سیریز میں 17 وکٹیں حاصل کیں۔یہ 12 سال بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے کسی فاسٹ بائولر نے ٹیسٹ میچ میں دس وکٹیں لی ہیں۔محمد عباس نے دوسری اننگز میں بھی پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے محض دس ٹیسٹ میچوں پر محیط کیریئر میں یہ چوتھا موقع ہے کہ انھوں نے ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔محمد عباس متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ میچ میں دس وکٹیں لینے والے پہلے فاسٹ بائولر بھی بن گئے ہیں۔اس وقت محمد عباس 122 سالوں میں سب سے کم اوسط والے بائولر ہیں۔انھوں نے پاکستان کی جانب سے پہلا ٹیسٹ میچ 18 ماہ قبل کھیلا تھا۔