بڑھتی عمر کا کھیل سے تعلق نہیں‘کرکٹ چھوڑنے کا کبھی نہیں سوچا: اعزاز چیمہ
لاہور(نمائندہ سپورٹس) قومی فاسٹ بائولر اعزاز چیمہ لاہور بلیوز کی جانب سے 7 میچز میں 44 وکٹ کے ساتھ اس وقت قائد اعظم ٹرافی کے ٹاپ وکٹ ٹیکر بائولر بن چکے ہیں اور ان کی بہترین بائولنگ 40 رنز دیکر 6 وکٹ ہیں، وہ پانچ بار ایک اننگزمیں مخالف ٹیم کے کیمپ میں ہلچل مچانے کا اعزاز رکھتے ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں نظرانداز کیا جارہا ہے۔اعزاز چیمہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس قائداعظم ٹرافی کے بہترین بائولر کا ایوارڈ ملا اور اس سال کی کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے، فٹ اور بھرپور فارم میں ہوں، محنت اور عمدہ کارکردگی کے باوجود کیوں منتخب نہیں کیا جارہا، جب قومی ٹیم میں نام نہیں آتا تو پریشان ضرور ہوتا ہوں لیکن ہمت ہارنے والوں میں سے نہیں اور کرکٹ چھوڑنے کا ہرگز نہیں سوچ رہا، جب تک دم اور جذبے جوان ہیں، کھیل جاری رکھنے کا ارادہ کیا ہواہے۔میری بڑھتی عمر کا کھیل سے تعلق نہیں، مصباح الحق کی مثال سب کے سامنے ہے، اصل چیز فٹنس اور فارم ہے، جب تک پرفارمنس ہورہی ہے ، اس وقت تک ملک کی نمائندگی کا بھی ضرور موقع ملنا چاہیے۔ پی ایس ایل میں کوئٹہ کی طرف سے کھیل چکا ہوں، اس بار بھی یقین ہے کہ کسی فرنچائز کی ٹیم سے چانس ملے گا۔ بہت خوشی ہے کہ ساتھی بائولر محمد عباس نے دبئی کی کنڈیشنز میں جس طرح شاندار بائولنگ کرکے قومی ٹیم کی جیت میں کردار ادا کیا۔