• news

حکومت نے اجازت دی تو ٹیم پاکستان کا دورہ کریگی : بنگلہ دیش ہاکی فیڈریشن

لاہور (سپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش ہاکی فیڈریشن نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے اجازت دی تو ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی ۔ بنگلہ دیش نے اس سے قبل چھ ملکی ہاکی ٹورنا منٹ میں ٹیم بھیجنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد دوسری ٹیموں نے بھی کھیلنے سے انکار کر دیاتھا جس کے بعد سیریز منسوخ کر دی گئی تھی ۔ سیریز ری شیڈول کی گئی ہے اور اب سترہ تا اکیس دسمبر تک کھیلی جائے گی جس میں افغانستان ‘بنگلہ دیش ‘قازقستان ‘سری لنکا ‘اومان اورقطر کی ٹیمیں شریک ہونگی ۔ انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن نے بھی تمام ٹیموں کو شرکت کی ہدایت کی ہے ۔ بنگلہ دیش ہاکی فیڈریشن کے جنرل سیکر ٹری عبد الصدیق نے کہا کہ آئی ایچ ایف کے عہدیدا رنے ٹیلی فون کے ذریعے کہا ہے کہ سیریز میں شرکت یقینی بنائی جائے ۔آئی ایچ ایف کو بتادیا ہے کہ اگر حکومت نے اجازت دی تو شرکت کرینگے ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ڈیڈ لائن سے قبل انٹر ی بھیج دی ہے ۔ ہاکی حکام تاحال اس شک میں ہیں کہ سیریز وقت پر ہو گی یا نہیں ۔ سری لنکا ‘اومان اور قطر نے شرکت کے بارے میں ابھی تک نہیں بتایا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن