پشاور: زمین کا تنازعہ، دو گروپوں میں فائرنگ، 2 بھائیوں سمیت 3 افراد قتل
پشاور(بیورورپورٹ)پشاور کے مضافاتی علاقہ متنی ادیزئی میں جائیداد کے تنازعہ پر دو گروپوں کے مابین خونریز تصادم کے نتیجہ میں دو بھائیوں سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا، مزید گرفتاریوں کیلئے سرچ آپریشن جاری، دو طرفہ مقدمہ درج، دو طرفہ فائرنگ سے علاقہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ ڈی ایس پی صدر سرکل احسان شاہ کے مطابق ہفتہ کے روز شاملات اراضی کے تنازعہ پر سراج الحق اور رب نواز گروپوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجہ میں پہلے گروپ سے دو بھائی 25 سالہ سراج الحق، سمیع الحق پسران رضا خان جبکہ رب نواز گروپ سے 25 سالہ بہادر نواز جاں بحق ہوگیا، ڈی ایس پی کے مطابق فائرنگ تبادلہ میں دو افرادزخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان رب نواز، آصف اور اختر کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہیں جبکہ مقتولین کی نعشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔