حافظ آباد: دوران ڈلیوری غائب ہونیوالا بچہ بازیاب نہ ہونے پر لواحقین کا احتجاج
حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر زہسپتال سے دوران ڈلیوری مبینہ طور پر بچے کو غائب کئے جانے کا معمہ حل نہ ہوسکا۔ بچے کے رشتہ داروں کا فوارہ چوک میں ہسپتال کے ڈاکٹروں عملہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا بعدازاں مظاہرین نے ہسپتال پہنچ کرملازمین اور عملہ پردھاوا بولتے ہوئے انہیں تشدد کا نشانہ بھی بناڈالا۔نواحی گائوں خانپورکی زہرہ بی بی زوجہ عطاء اﷲکو زچگی ڈسٹرکٹ ہسپتال لایا گیا ۔جہاں ڈاکٹر وں کے مطابق اس نے ایک بچے کو جنم دیا۔لیکن زہرہ بی بی اور اسکے عزیزواقارب کا کہنا تھا کہ ہمارے دو جڑواں بچے تھے۔ سے ایک بچے کو غائب کردیا گیا۔ انہوں نے گذشتہ روز فوارہ چوک میں شدید احتجاج کیا۔ ڈاکٹروں کے خلاف سخت نعرہ بازی کی۔ خاتون بے ہوش بھی ہوگئی ۔ بعدازاں مظاہرین نے ہسپتال پہنچ کر وہاں پر ملازمین پر دھاوا بول دیا جس سے ایک سینٹری ورکرامتیاز ذخمی بھی ہوگیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انکا غائب کیا گیا بچہ انکے حوالے کیا جائے ۔دوسری جانب ایم۔ایس ڈاکٹر ریحان اظہر کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں دھاوا بول کر ایک ملازم کو ذخمی کرنے اور کارسرکار میں مداخلت کرنے پر مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست تھانہ سٹی میں جمع کروادی گئی ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اس ضمن میں بنائی جانے والی انکوائری کمیٹی نے ڈاکٹروں اور دیگر ملازمین کے بیانات ریکارڈ کئے۔اس سلسلہ میں کمیٹی کے سربراہ نعیم الحق بھٹی کا کہنا مذکورہ واقعہ کی ہر لحاظ سے انکوائری کی جارہی ہے اور ایک دوروز میں حتمی رپورٹ بھی تیار کرلی جائے گی۔