انسانی حقوق سے متعلق عالمی کنونشنز‘ معاہدوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے: شیریں مزاری
اسلام آباد (خبرنگار) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے یورپی یونین جی ایس پی پلس مانیٹرنگ مشن کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں پالیسی آفیسر جی ایس پی یونٹ والٹر وین واٹم، مشیر تجارتی امور گوس ہوٹئین، مارٹا فزیلاگئی، فرینک اولیویر روکس شامل تھے۔ ملاقات کے دوران فریقین نے انسانی حقوق اور جی ایس پی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے جی ایس پی پلس کے علاوہ دیگر امور پر دونوں ممالک کے تحفظات سے ایک دوسرے کو آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے اقدامات کر رہا ہے کیونکہ آئین پاکستان میں تمام پاکستانی شہریوں کو مساوی بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کی ضمانت دی گئی ہے، موجودہ حکومت اس حوالہ سے بین الاقوامی معاہدوں اور کنونشنز پر عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے یورپی ممالک میں مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ اور مذہبی آزادی میں درپیش رکاوٹوں اور ان سے غیر مساویانہ سلوک پر اپنے تحفظات ظاہر کئے اور کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے وفد کو حکومت کی جانب سے پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ بالخصوص خواتین، بچوں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ دریں اثناء وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سنٹر فار سوشل جسٹس پیٹر جیکب کی سربراہی میں ایک نمائندہ وفد نے بھی ملاقات کی۔ وفد نے انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ ریسرچ (آئی ڈی آر اے سی) کے ڈائریکٹر امجد نذیر، بائٹس فار آل کی رابطہ کار فاطمہ عاطف اور دیگر شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وفد نے وفاقی وزیر کو اقلیتوں کے حقوق سے متعلق امور اور ان کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور اس کے حل کے لئے تجاویز پیش کیں۔ وفاقی وزیر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت بنیادی حقوق کے تحفظ بالخصوص اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے وفد کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔دریں اثناء پروگریسو یوتھ سوسائٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جبیر خان کی سربراہی میں ایک وفد نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چیئرپرسن ہما جمیل بابر اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔