• news

مشرق وسطیٰ میں امن کے امکانات ختم ہو چکے ، عالمی برادری دو ریاستی حل کی حمایت جاری رکھے: ملیحہ لودھی

نیویارک(صباح نیوز)اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ مشرق وسطی میں امن کے امکانات پہلے سے زیادہ معدوم ہوچکے ہیں۔سلامتی کونسل میں مشرق وسطی سے متعلق مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد تاخیر کا شکار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں مارچ سے اب تک 200 سے زائدفلسطینی شہید ہوچکے ہیں، دو ریاستی حل کی کوششیں معدوم ہورہی ہیں، مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کی غیرقانونی توسیع بلا روک ٹوک جاری ہے،عالمی برادری کو 1967 کے بارڈر اور القدس کی بطور فلسطینی دارالحکومت کی بنیاد پر دو ریاستی حل کی حمایت جاری رکھنی چاہیے۔فلسطینیوں کی امداد سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے یو این آر ڈبلیو اے کو امریکی امداد روکے جانے پر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا انسانی ضروریات کو سیاسی تنازعات اورتنگ نظری کی بھینٹ نہیں چھڑانا چاہیے۔امریکی فیصلے سے یو این آر ڈبلیو اے کی امن کوششوں کو خطرہ لاحق ہوا، ملیحہ لودھی نے اعلان کیا کہ پاکستان یو این آر ڈبلیو اے کو اضافی امداد فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے شام اوریمن کے تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا، ان کا کہنا تھا مشرق وسطی کے کئی حصوں میں جاری تشدد اور عدم استحکام کا سفارتی حل نکالنے کی فوری ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن