اومنی گروپ کے زیرانتظام شوگر ملوں کو کرشنگ کی اجازت کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)نیشنل بینک پاکستان نے اومنی گروپ کے زیر انتظام شوگر ملوں کو کرشنگ سیزن میں کام کی اجازت دینے کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔ ہفتہ کوجعلی بینک اکاونٹس کے بارے مقدمے میں نیشنل بینک نے ایک متفرق درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اومنی گروپ کے زیر انتظام شوگر ملز کا کرشنگ سیزن کے دوران بند ہونے سے بینکوں کا سرمایہ ڈوب جائے گا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ کرشنگ نہ ہونے کے باعث نیشنل بینک سمیت دیگر بینک سرمایہ ریکور نہیں کرواسکیں گے جبکہ ملوں کی مشینری ،زمین اور دیگر اثاثے بیچنے سے ان ملوں کو جاری کی گئیں ایڈوانس رقوم پوری نہیں ہوتیں۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک کی معاشی صورتحال پہلے سے ابتر ہے اور ان حالات میں اومنی گروپ کے زیر انتظام آٹھ شوگر ملز بند رکھنے سے معیشت کو مزید نقصان ہوگا۔عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اومنی گروپ کے تمام آٹھ شوگر ملوں کو کرشنگ سیزن میں کام کرنے کی اجازت دیدی جائے۔