مال روڈ، آج سے موٹر سا ئیکل پر دونوں افراد کیلئے ہیلمٹ لازمی، خواتین، بزرگ بھی شامل
لاہور (سٹاف رپورٹر+ آن لائن) آج سے مال روڈ پر موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی صورت میں دونوں سواروں کو ہیلمٹ پہننا ہوگا۔ انتہائی بائیں لین میں موٹر سائیکل نہ چلانے والوں کے بھی چالان ہوں گے۔ ٹریفک پولیس حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں مال روڈ پر ڈبل موٹر سائیکل سواروں کے ہیلمٹ نہ پہننے پر کارروائی ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں لاہور بھر میں ڈبل سواروں کو ہیلمٹ کی پابندی کرائی جائے گی۔ ہیلمٹ قانون کا اطلاق خواتین اور بزرگوں پر بھی ہوگا۔ ٹریفک پولیس کے ڈبل سواروں کے ہیلمٹ پہننے کے فیصلے پر شہریوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حادثات کی روک تھام کے پیش نظر فیصلہ درست ہے مگر اس سے قبل شہریوں کو آگاہی دینی چاہئے۔ موٹر سائیکل سواروں کو صرف انتہائی بائیں لین میں موٹر سائیکل چلانے کی ہی اجازت ہوگی۔ دریں اثنا پاکستان میں بسنے والی سکھ کمیونٹی نے موٹرسائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ کی پابندی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پگڑی ان کے سرکا تاج اورمذہبی معاملات کا حصہ ہے تاہم وہ پگڑی کے اوپرکوئی اور چیز پہننے کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔ پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے سیکرٹری جنرل سردارگوپال سنگھ چاولہ کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات سر آنکھوں پر لیکن دنیا بھر میں سردار جو پگڑی پہنتے ہیں یہ ایک طرح کا ہیلمٹ ہی ہے، ہیلمٹ پہننے کا مقصد بھی یہ ہوتا ہے کہ خدانخواستہ کسی حادثے کی صورت میں سرچوٹ لگنے سے محفوظ رہ سکے۔انہوں نے بتایا بھارت سمیت ایسے تمام ممالک جہاں سکھ کمیونٹی آباد ہے وہاں خاص قسم کی عینک تیارکی جاتی ہے جس سے چہرہ ڈھانپنے میں مدد ملتی ہے۔
ہیلمٹ لازمی