• news

ہاکی: بھارت سے شکست‘ پی ایچ ایف عہدیداران کو ہٹانے کا مطالبہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق چیف ٹرینر جنید چھٹہ نے ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں بھی بھارت کے ہاتھوں قومی ٹیم کی شکست پر فوری طور پر پی ایچ ایف عہدیداران کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ اگر احتساب میں مزید تاخیر کی گئی تو حکومت وقت کی مجرمانہ غفلت ہوگی۔ جنید چٹھہ کا کہنا تھا کہ کھیلوں میں احتساب کا آغاز ہاکی فیڈریشن سے ہونا وقت کی اشد ضرورت ہے۔ قومی ہاکی ٹیم کی پے در پے شکستوں کے بعد ہاکی کی گرتی ہوئی پرفارمنس حکومت وقت کے لیے بھی لمحہ فکریہ ہونی چاہیے۔ جس بے دردی سے موجودہ فیڈریشن نے لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کیا ہوا ہے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ بریگیڈئر خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری شہباز احمد سینئر نے ہاکی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ اپنے من پسند افراد کو نوازنے کی وجہ سے قومی کھیل اس مقام کو پہنچا ہے۔ ہاکی کھیل سے وابستہ تمام لوگوں کی نظر یں وزیر اعظم عمران خان کی طرف لگی ہوئی ہیں۔ حکومت کے پہلے ساٹھ دنوں میں نہ تو پاکستان سپورٹس بورڈ اور نہ ہی پنجاب سپورٹس بورڈ میں کوئی تبدیلی دیکھنے کو ملی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن