زرداری کا بیان ‘ پارٹی سطح پر مشاورت ہو گی : مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نیٹ نیوز) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نااہل، ناتجربہ کار اور کھلنڈروں کا ٹولہ ہے۔ ملک اور قوم کو نقصان پہنچانے والی حکومت ٹھیک نہیں۔ آصف زرداری صاحب نے حکومت کی نااہلی کی بات کی ہے، جس کا اعتراف حکومت کے اتحادی بھی کررہے ہیں۔ دیگر جماعتوں کی طرح مسلم لیگ (ن) بھی اس تناظر میں صورتحال پر پارٹی سطح پر مشاورت کرے گی۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے عمران خان ذہنی طور پر ابھی تک ڈی چوک میں خود کو تصور کرتے ہیں۔ ڈی چوک سے وزیراعظم ہاو¿س تک کا سفر انہوں نے ابھی تک طے نہیں کیا۔ عمران خان صاحب کو چاہئے کہ وزیراعظم کی کرسی کی جگہ کنٹینر رکھ لیں تو شاید ان کی کارکردگی بہتر ہوجائے۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی مخالفین کو ہر روز چور چور اور ڈاکو ڈاکو کہہ کر حکمران اپنی نااہلی سے نظریں نہیں ہٹا سکتے۔ ہم حکومت کی نااہلی، ملک اور قوم کے مفادات کے منافی اقدامات پر اسی طرح آواز بلند کرتے رہیں گے۔ جب سے یہ حکومت آئی ہے کسی نے سکون کا سانس نہیں لیا۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ وہ کام کرے۔قوم سے جو وعدے کئے تھے، جو سبزباغ دکھائے تھے، ان کو پورا کرے اور رونا دھونا اور سیاسی مخالفین کو دھمکیاں دینا بند کریں۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی رہنما نیب کے خودساختہ ترجمان بنے ہوئے ہیں۔ ان ترجمانوں میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ پہلے فواد صاحب پھر فیاض الحسن چوہان اور دو روز قبل پرویزالٰہی صاحب اس فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ ان سوالات پر نیب کی خاموشی نیب عمران نیازی گٹھ جوڑ کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز جب جیل میں تھیں تو ان کی والدہ ماجدہ کا انتقال ہوگیا۔ وہ اپنی بیمار والدہ کو لندن کے ہسپتال میں بستر مرگ پر چھوڑ کر آئیں تھیں۔ ان کی جذباتی اور ذہنی کیفیت کا اندازہ کیاجاسکتا ہے۔ ان کے والد محمد نوازشریف صاحب اور ان کا پورا خاندان اسی کیفیت میں ہے۔ ان کے صاحبزادے تدفین میں شرکت نہ کرسکے۔ لہذا ایک خاندان کی اس جذباتی کیفیت کا احترام کرنا چاہئے۔
مریم اورنگزیب